رحیم یار خان:رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس کی گاڑیوں پر حملہ کردیا۔ڈاکوؤں کےحملے سے 12پولیس اہلکار جام شہادت نوش کرگئے، 7اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ پانچ لاپتہ ہوگئے جنہیں کچھ دیر بعد بازیاب کرالیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک زخمی اہلکار اسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا، حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق صادق آباد میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں انتہائی افسوسناک سانحہ پیش آیا جہاں ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس کی دو گاڑیوں پر حملہ کیا گیا۔ 2 پولیس موبائلوں میں 15 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے اور ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد واپس جا رہے تھے۔ذرائع کے مطابق پولیس کی گاڑیاں بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں اور ڈاکوؤں نے گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے لئے راکٹ لانچرز کا استعمال کیا ۔
حملے کے بعد رحیم یار خان پولیس نے بھاری نفری علاقے میں طلب کرلی ہے۔