اسلام آباد: اظہر مشوانی کے دو لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو دونوں بھائیوں کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اظہر مشوانی کے دو لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار اظہر مشوانی کے والد کے وکیل عدالت کے سامنے پیش ہوئے جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا میں اس کیس کو مختلف طریقے سے پروسیڈ کروں گا،میں ایگزیکٹو نہیں جوڈیشل سائیڈ پر ہوں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے متعلقہ حکام سے ہائی لیول پر رابطہ کیا ہے جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو ان کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کریں ،میں کل کے لئے کیس پر دلائل سنو گا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔