اسلام آباد:وفاقی دار الحکومت کی انتظامیہ کی طرف سےپی ٹی آئی کو 8ستمبر کو جلسے کی اجازت مل گئی۔
انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے جاری کیا ۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکورٹی فراہم کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کی احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا، 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکورٹی فراہم کرے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے 40 ہدایات کیساتھ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کرینگے، لوگ شام چار بجے اکھٹے ہونگے اور جلسہ 7 بجے ختم کرنا ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں مزید ہدایات دی گئیں ہیں کہ یہ جلسے کی انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوگی کہ جلسہ ختم کرنے کے بعد کارکنان کو منتشر کیا جائے، 8 ستمبر کو کارکنان کو جلسہ گاہ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔