اسلام آباد: اسلام آباد کے سرکاری و نجی سکولوں میں آج تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آج سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے اعلان اور ایک مذہبی جماعت کی احتجاج کی کال کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کرتے ہوئے سرکاری اور نجی سکولوں میں آج تعطیل کا اعلان کیا۔
وزارت داخلہ کی ہدایات پر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کر تے ہوئے، دوسرے شہروں سے آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا اور سرکاری و نجی سکولوں میں آج (22 اگست) کو تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صورتحال کے تناظر میں بچوں کی حفاظت کے پیش نظر سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب جلسے اور مظاہرے کی وجہ سے آج میٹرو بس سروس معطل رہے گی اور ساتھ ہی میٹرو بس سٹیشنوں کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے اپنا اسلام آباد کا جلسہ ملتوی ہونے کا اعلان آج صبح ہی کیا ہے۔