پہلا ون ڈے، 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان 59 پر ڈھیر، گرین شرٹس نے 142 رنز سے میچ جیت لیا

08:41 PM, 22 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

ہمبنٹوٹا : افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں پاکستان نے حریف ٹیم کو 59 رنز پر آئوٹ کردیا ، گرین شرٹس نے یہ میچ 142 رنز سے  جیت لیا۔ پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 142 رنز سے شکست دے دی۔

ہمبنٹوٹا میں کھیلے  گئے  میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کی  ٹیم کے سپنرز نے  پاکستانی ٹیم کو  پریشان کیا ۔ فاسٹ بائولر فضل حق فاروقی نے اوپنر فخر زمان کو 2 رنز پر پویلین بھیجا  تو مجیب الرحمان نے بابر اعظم کو صفر پر  آؤٹ کرکے پاکستانی ٹیم کو مشکلات میں ڈالا۔پاکستان کی تیسری وکٹ 40 رنز پر گری جب محمد رضوان 21 رنز بنا کر 7.5 اوورز میں مجیب کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

 آغا سلمان   نے صرف 7 رنز بنائے۔ وکٹ کی دوسری جانب موجود امام الحق کا ساتھ دینے کےلیے افتخار احمد کیریز پر آئے تو دونوں کے درمیان 50 رنز کی شراکت بنی۔ 112 کے مجموعے پر افتخار احمد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔  اس کے بعد امام الحق اور شاداب خان کے درمیان 40 رنز کی پارٹنرشپ بنی اور ٹیم نے ڈیڑھ سو کا ہندسہ مکمل کیا، جہاں امام الحق اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

اسامہ میر صرف 2 رنز بناسکے  انکے بعد آنے والے شاہین آفریدی بھی اتنے ہی رنز بنا کر راشد خان کو وکٹ دے بیٹھے۔ 
 9ویں وکٹ پر شاداب خان اور نسیم شاہ نے 35 رنز جوڑ کر ٹیم کا ٹوٹل 200 کے قریب کیا۔ شاداب خان 39 رنز بنا کر 198 کے مجموعے پر رنز آؤٹ ہوئے۔پاکستان کے 201 رنز پر آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز حارث رؤف تھے جو ایک رن بناسکے۔ دوسری جانب نسیم شاہ 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 3، محمد نبی اور راشد خان نے دو دو جبکہ رحمت شاہ اور فضل حق فاروقی نے ایک ایک وکٹ لی۔افغانستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پاکستانی پیسرز نے اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کے  باعث آدھی افغان ٹیم 35 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ 

افغانستان کا کوئی بھی کھلاڑی کریز پر ٹک نہیں کھیل سکا۔ رحمان اللہ گرباز نے 18، ابراہیم زیدران صفر، رحمت شاہ صفر، حشمت اللہ شاہدی صفر،اکرام علی خیل چار، محمد نبی سات، عظمت اللہ عمرزئی سولہ رنز بنا کر ریٹائرڈ  ہرٹ ہوئے، راشد خان صفر، عبدالرحمان دو، مجیب الرحمان چاررنز بناسکے۔ پاکستان کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے  شاہین آفریدی نے  دو،نسیم شاہ نے ایک، حارث رئوف نے  پانچ،شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

مزیدخبریں