لاہور : پاکستان رینجرز نے بھارت کی طرف سے سمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی ہے۔ 29 جولائی سے 3 اگست تک دراندازی کی کوششوں میں 6 بھارتی اسمگلر گرفتار کرلیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار بھارتی شہری بی ایس ایف کی زیر نگرانی منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔ گرفتار بھارتی شہریوں میں فیروزپور کے رہائشی گرمیج سنگھ، شندر سنگھ، جگندر سنگھ اور وشال سنگھ ،جالندھر کا رہائشی مہندر سنگھ اور لدھیانہ سے تعلق رکھنے والا گروندر سنگھ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتار اسمگلروں کے خلاف پاکستان میں غیر قانونی داخلے اور ریاست مخالف سرگرمیوں پر پاکستانی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔بھارتی اسمگلروں کی بی ایس ایف کے زیر نگرانی بارڈر سے بلا روک ٹوک نقل و حرکت حیران کن ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی بی ایس ایف کا اسمگلروں کے ساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ بعید از قیاس نہیں ۔ توقع رکھتے ہیں کے بی ایس ایف بارڈر پر نگرانی کا نظام مؤثر اور اسمگلروں کے ساتھ گٹھ جوڑ ختم کرے گی ۔