اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلم اور ڈرامہ پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، فلموں کی کہانی، معیار اور ٹیکنالوجی بہتر بنانا ہماری قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے، معیاری فلموں کی اس وقت بہت ضرورت ہے، فلم انڈسٹری کو ٹیکنالوجی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، حکومت سینما گھروں کی بحالی، نئے سینما گھروں کی تعمیر اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت اس ضمن میں فلم سازوں کو ٹیکس میں استشنا سمیت فلم انڈسٹری کے لئے آلات کی درآمد میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ امجد کی قیادت میں ملاقات کے لئے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم انڈسٹری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کے لئے ایف بی آر سے بات چیت جاری ہے، جلد ہی لائحہ عمل طے کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نئے سینما گھروں اور پروڈکشن ہائوسز کو ٹیکس میں رعایت دینے کے لئے متعلقہ حکام سے بات چیت کا عمل جاری ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ٹیکس استثناسمیت دیگر امور پر بہت جلد مشاورت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ذمہ داری سنبھالتے ہی فلم اینڈ کلچر پالیسی کو بحال کیا، ہم نے فلم کو صنعت کا درجہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور چینی فلم سازوں کی مشترکہ پروڈکشن شروع کرنے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی۔ انہوں نے وفد کو پاکستان اور چین کے درمیان فلم سازی میں تعاون اور مشترکہ پروڈکشن کے حوالے سے چینی سفیر سے ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن شیخ امجد نے کہا کہ سینما انڈسٹری کی بحالی کے لئے حکومتی اقدامات سے فلم انڈسٹری کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو اس کی اصل شناخت دلوانے کے لئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کو فلم انڈسٹری کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے وفد کے مطالبات، مسائل اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے اقدامات کو سراہا