بنی گالہ : تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہا نی سامنے آ گئی ۔ اجلاس کے دوران عمران خان نے کہا وفاقی حکومت کا گزشتہ رات انھیں گرفتار کرنے کا منصوبہ تھا۔ شہباز گل پر تشدد ہوا ،میں نے کارروائی کا کہا تو الٹا مجھ پردہشت گردی کا پرچہ کاٹ دیا گیا۔
تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت ہوا ۔ پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ان کا منصوبہ مجھے رات تین چار بجے گرفتار کرنے کا تھا،ان کے اس عمل سے پارٹی اور اوپر چلی گئی۔ ہمیشہ ایسا ہوتا ہے جب میچ پھنسا ہو تو دوسرا فریق پریشر میں آ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مراد سعید نے جس طریقے سے لوگوں کو موبلائیز کیا وہ قابل تعریف ہے ۔ شہباز گل پر تشدد ہوا میں نے کہا کارروائی کریں الٹا مجھ پر دہشت گردی کا پرچہ دے دیا۔ اللہ نے تحریک انصاف کو موقع دیا ہے، عوام میں جتنی تحریک انصاف کو مقبولیت ملی کبھی کسی جماعت کو نہیں ملی۔
عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کو اور مقبولیت ملی۔ ملک میں انقلاب آ رہا آپ سب انقلاب کا حصہ ہیں ۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ ایک کال پر لوگ سڑکوں پر نکل آئیں ہم ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں یہ حقیقی آ زادی کی تحریک ہے۔
نو حلقوں کا الیکشن ہمارے لئے فائدہ مند ہوگا،اس موقع کو ہم نے ضائع نہیں کرنا ہے، مجھے قوم میں وہ جذبہ نظر آرہا جو 26 سال کی سیاست میں نظر نہیں آیا۔
پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا کہ انتخابات کے علاوہ کوئی آپشن منظور نہیں۔ عمران خان نے پارٹی کو انتخابات کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے مذاکرات صرف اور صرف الیکشن کے اعلان کے بعد ہوں گے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی سے نہیں ڈرتا میں بنی گالا میں بیٹھا ہوں جس نے گرفتار کرنا ہے کرلے۔