وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی عمران خان کے عشق میں مبتلا ہیں اور ان کی پوری معاونت کر رہے ہیں،ایک مقدمے میں ضمانت کرواتے ہیں تو دوسرا پرچہ کرا دیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاءتارڑ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت شہباز گل کے حوالے سے بدلا لینا چاہتی ہے اور ان کی خواہش ہے کہ 8,10 لوگوں کو اندر کر کے تاوان وصول کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کی سرکار مقدمے پر مقدمہ بنا رہی ہے اور ان کی حکومت اس پورے کھیل میں سہولت کار ہے، پرسوں مجھے کہا گیا کہ مجھ پر ٹونٹی چوری کا مقدمہ کر رہے ہیں، پتہ چلا میں سرکاری رہائش گاہ سے دو ٹونٹیاں چوری کر کے لے گیا ہوں۔
عطاءتارڑ نے کہا کہ ایسے گرفتاری نہیں دیں گے بلکہ پہلے ہمیں جرم بتایا جائے، پرویز الٰہی یہ نہ بھولیں کہ آپ اور آپ کے صاحبزادے پر ایف آئی اے کا ایک کیس ہے، آپ پر ایف آئی اے کا ایک پرچہ بھی ہے، وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی وزیر اعلانات ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ بالکل ٹھیک کر رہے ہیں ان کے بزرگوں پر بھینس چوری کا مقدمہ تھا، ایک مقدمے پر ضمانت کرواتے ہیں تو دوسرا پرچہ کرا دیتے ہیں، پرویز الٰہی اتنے پرچے کریں جتنے برداشت کر سکیں، ہم شامل تشویش ہوں گے اور لاہور جا کر ان مقدمات کا سامنا بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی سرکار چند دنوں کی مہمان ہے، سرکاری اہلکاروں کو ڈرانے اور دھمکانے کی عادت ختم کریں، خاتون جج کے خلاف بیان پر عمران نیازی آپ کو شرم آنی چاہئے، عمران خان آج بھی وزیر اعظم کی سیکیورٹی لے رہے ہیں اور اسی پولیس کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔