راولپنڈی: مدرسے کے معلم مفتی شاہنواز نے طالبہ پر تشدد کیا اور مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔ مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ راولپنڈی کے تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں پیش آیا جہاں ایک مدرسے میں 16 سالہ طالبہ مسکان کو مدرسے کے معلم نے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کی جانب سے واقعےکی ایف آئی درج تو کرلی گئی لیکن ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ متاثرہ طالبہ کی والدہ نے بتایا ہے کہ انہیں مدرسے سے کال موصول ہوئی کہ ان کی بچی بے ہوش ہو کر گر پڑی ہے اسے لے جائیں اور جب مسکان کو گھر لایا گیا تو اس نے والدین کو بتایا کہ مدرسے کے معلم مفتی شاہنواز نے اس پر تشدد کیا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
مسکان نے والدین کو بتایا کہ مذکورہ معلم نے اس سے قبل بھی کئی دفعہ زیادتی کرنےکی کوشش کی لیکن شور مچانے پر وہ بچ گئی۔ متعلقہ تھانے کی عدم توجہی پر طالبہ کی والدہ نے سی پی او کے پاس جاکر شکایت کی جس پر سی پی او راولپنڈی کی ہدایت پر ایف آئی آر درج کی گئی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ کا میڈیکل کیا گیا ہے اور ایک میڈیکل رپورٹ میں بچی پر تشدد کے نشانات واضح ہیں، مکمل میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مزید تفتیش آگے بڑھائی جائے گی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔