واشنگٹن: امریکا نے افغانستان سے نکلنے والوں کے لیے نجی ایئر لائنز کے استعمال کا فیصلہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی ایئر لائنز کے طیارے کابل نہیں جائیں گے اور تیسرے ملک سے مسافروں کو لفٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف امریکی ایئر لائنز کے 18 طیاروں کو استعمال کیا جائے گا۔
دوسری جانب ڈچ حکومت نے اپنے باشندوں کے انخلا کی کوششوں کو مزید محفوظ بنانے کے لیے اضافے فوجی بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
مزید یہ کہ برطانیہ کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ہماری مسلح افواج نے 13 اگست سے اب تک تقریبا 4 ہزار افراد کو افغانستان سے نکالا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ برطانوی فوجیوں کے ذریعے نکالے جانے والوں کی اکثریت افغان ہیں جنہوں نے گزشتہ 20 سالوں میں برطانیہ کی مدد کی ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج کابل ہوائی اڈے کے باہر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں 7 افغان شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔یہ ہلاکتیں بھگدڑ مچنے سے پیش آئیں۔ اس افسوسناک واقعے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
صورتحال کے پیش نظر امریکا نے اپنے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کابل ایئرپورٹ کی جانب نہ آئیں کیونکہ ایسا کرنے سے ان کی جانوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔