اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کی جانب سے 28 ماہ بعد ایک دوسرے کے سفارتی اہلکاروں کو اسائنمنٹ ویزے جاری کئے گئے ہیں۔
پاکستان اور بھارت نے حالیہ ہفتوں میں ایک دوسرے کے سفارتی عملے کو بڑی تعداد میں اسائنمنٹ ویزے جاری کیے ہیں اور دونوں ملکوں نے رواں برس 15 مارچ تک جمع کروائی گئی تمام درخواستوں پر ویزے جاری کیے ہیں- پاکستان نے بھارت کے 33 اہلکاروں کے لیے ویزے جاری کئے جب کہ پاکستان کے 7 سفارتی اہلکاروں کو بھارت کی جانب سے اسائنمنٹ ویزا ملے اور دونوں جانب سے اسائنمنٹ ویزوں کا اجرا 28 ماہ بعد ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اسائنمنٹ ویزوں کے لیے 15 جون تک آنے والی درخواستوں پر ویزے جاری کیے جانے پر اتفاق کا امکان ہے جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے سفارتی اہلکاروں کو مزید ویزے جاری کئے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر کے ممالک دوسرے ملکوں کے سفارت کاروں، سفارتی اہلکاروں اور سفارت خانے کے عملے کے لیے اسائنمنٹ ویزا جاری کرتے ہیں۔