لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت ، کہا ٹوبو اور گچک میں دہشت گردی سے کیپٹن کاشف کی شہادت کی خبر پر افسوس ہوا ۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ کیپٹن کاشف شہید کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں اور اُن سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں ۔ وطن کے بیٹوں کی قربانیاں لازوال اور بے مثال ہیں ۔ بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پریشان کُن ہے ۔ اللہ تعالی شہید کے درجات بلند فرمائیں اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے ۔ قائد حزب اختلاف کی دونوں زخمی سپاہیوں کی جلد صحت یابی کی دعا ۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے کچک میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے پاک فوج کے افسر کیپٹن کاشف شہید جبکہ 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دہشتگردوں نے کچک کے علاقے ٹوبو میں دھماکا خیز مواد کی مدد سے نشانہ بنایا ۔ زخمیوں کو خضدار منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا ۔