لندن: ملکہ برطانیہ نے اپنے پوتے پرنس ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی جانب سے آئے روز لگائے جانے والے الزامات سے تنگ آ کر ان دونوں کو قانونی زبان میں جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ الزبتھ نے کہا ہے کہ پرنس ہیری اور میگھن مرکل کے الزامات حد سے تجاوز کر چکے ہیں، بس اب بہت ہو چکا، یہ چیزیں میری برداشت سے باہر ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ملکہ برطانیہ نے اپنی قانونی ٹیم کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ دونوں شخصیات سے اب قانونی طریقے سے نمٹا جائے۔
رپورٹس کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کی قانونی ٹیم نے پرنس ہیری اور میگھن مرکل کی بڑھتی ہوئی زبان درازی کو روکنے کیلئے دیگر ماہرین کیساتھ بھی مشاورت شروع کر دی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ کوئین الزبتھ امریکا میں موجود اپنے پوتے اور اس کی اہلیہ کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات سے بہت سیخ پا اور مایوس ہو چکی ہیں۔ انہوں نے اپنے تمام قانونی ماہرین کو حکم دیدیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا کوئی نہ کوئی حل تلاش کریں کیونکہ وہ بے جا الزامات کو سن سن کر تنگ آ چکی ہیں۔
شاہی خاندان کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئین الزبتھ کا کہنا ہے کہ وہ پرنس ہیری کو پوتا ہونے کے ناطے برداشت کرتی رہیں لیکن اس کی بھی حد ہوتی ہے، اب اگر کوئی بھی الزام لگایا گیا تو اس کا قانون کی زبان میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرنس ہیری اور میگھن مرکل پر بھی یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ اب اگر ان دونوں کی جانب سے شاہی خاندان کو بدنام کرنے کا کوئی بھی بیان سامنے آیا تو انھیں قانونی چارہ جوئی کیلئے تیار رہنا چاہیے۔