کابل: سابق افغان صدر حامد کرزئی اور افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کی کابل میں طالبان کے سیاسی وفد سے ملاقات ، طالبان کے وفد نے شہاب الدین دلاور کی قیادت میں حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی ۔
ملاقات کے بعد ایک بیان میں عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی گئی ، عوام کے تحفظ اور افغان پرچم سمیت دیگر قومی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
دوسری جانب سابق افغان صدر اشرف غنی کے بھائی حشمت غنی نے طالبان کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے ۔ اس موقعہ پر حشمت غنی کا کہنا تھا کہ طالبان امن اور تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، طالبان امن اور تحفظ دیں ، ہم ان کی مدد کریں گے ۔
طالبان کی طاقت اور کمزوری سے متعلق سوال پر حشمت غنی کا کہنا تھا کہ امن لانا طالبان کی طاقت جبکہ معیشت اور خارجہ امور ان کی کمزوری ہیں ۔
طالبان کی حکومت میں شامل ہونے سے متعلق سوال پر حشمت غنی کا کہنا تھا کہ بھائی (اشرف غنی) کی حکومت میں شامل ہوا نہ طالبان کی حکومت میں شامل ہوں گا ، افغان عوام کے لیے امن اور بہتری چاہتا ہوں ۔
حشمت غنی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں طالبان رہنماؤں کے ساتھ کھڑے دیکھا جا سکتا ہے ۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک طالبان رہنما نعرہ تکبیر اور امارت اسلامی کا نعرہ لگا رہا ہے جس کے بعد ایک دوسرا طالبان لیڈر حشمت غنی سے مصافحہ کرتا ہے اور انہیں بوسہ دیتا ہے۔