ریاض: افغانستان کی صورتحال پر غور کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس آج جدہ میں ہوگا ۔ او آئی سی میں مستقل مندوبین کی سطح پر ہونے والا اجلاس سعودی عرب کی دعوت پر بلایا جا رہا ہے ۔
گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثمین سے ٹیلی فونک رابطے پر افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔
شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطے میں کہا پاکستان ، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پُرعزم ہے ، ہمیں توقع ہے کہ افغان رہنما اپنے باہمی اختلافات کے خاتمے اور جامع سیاسی تصفیے کیلئے جاری مذاکرات سے فائدہ اٹھائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ کابل میں جاری مذاکرات کی کامیابی نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کیلئے بہتری کا باعث ہو گی ، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان شہریوں کی سیکورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔
دوسری جانب ، طالبان رہنما خلیل الرحمن حقانی کی کابل میں مختلف افغان قبائل ، پکتیا اور خوست سے ارکان پارلیمنٹ اور اہم کونسلز کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب ، سب کو امن و تحفظ اور وسیع البنیاد حکومت کا یقین دلایا ۔
طالبان عہدیدار کا خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ طاقت کا ناجائز استعمال کرنے والے طالبان کا احتساب کیا جائے گا ۔