لاہور: بابراعظم کی انگلش ٹی ٹونٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کا امکان پیدا ہوگیا۔ پاکستان کی انگلینڈ کے ساتھ سیریز ختم ہونے پر قومی وائٹ بال ٹیم کے 25 سالہ کپتان بابر اعظم سمرسیٹ کاﺅنٹی کو جوائن کر سکتے ہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہونے پر سرے نے لیگ سپنر شاداب خان اور نارتھمپٹن شائرنے آل راﺅنڈر فہیم اشرف کے معاہدے ختم کر دیے تھے۔
سمرسیٹ نے بابر اعظم کے ساتھ یہ سلوک نہیں کیا،انٹرنیشنل سیریز کی وجہ سے نوجوان بیٹسمین ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے ابتدائی 3 یا 4 میچز نہیں کھیل پائیں گے۔ بعد ازاں وہ پورے ایونٹ میں شرکت کر سکتے ہیں مگر اس کے لیے ان کو پی سی بی کی جانب سے این او سی درکار ہوگا۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق پاکستان کا ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ ستمبر کے آخر میں ہونا ہے، بابراعظم کو اگر اس سے چھوٹ دی جائے تو وہ انگلینڈ میں میچز کھیل سکیں گے۔