سعودی عرب نے خواتین کو ایک اور آزادی دے دی

08:54 AM, 22 Aug, 2019

ریاض: سعودی عرب نے اپنی خواتین کو ایک اور آزادی دیتے ہوئے مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر تنہا بیرون ملک سفر کے فیصلے پر عمل درآمد شروع کر دیا۔

سعودی عرب نے رواں ماہ کے آغاز پر اعلان کیا تھا کہ اب خواتین کو مرد سرپرست کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت ہو گی جس پر اب عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

شاہی حکم نامے میں کہا گیا کہ 21 سال سے زائد عمر کی خواتین کو مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر پاسپورٹ کی درخواست دینے کی اجازت ہو گی۔ یہ فیصلہ انہیں مردوں کے برابر حقوق دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سعودی پاسپورٹ کیلئے درخواست دینے والے کسی بھی شہری کو پاسپورٹ جاری ہونا چاہیے جب کہ 21 سال سے زائد عمر والوں کو سفر کیلئے مرد سرپرست کی اجازت کی ضروت نہیں۔

حکم نامے کے مطابق 21 سال سے زائد عمر کی خواتین نہ صرف پاسپورٹ رکھنے کی اہل ہوں گی بلکہ مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر بھی کر سکیں گی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ چند سال میں کئی اصلاحات سامنے آئی ہیں جن میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے گزشتہ سال خواتین کے ڈرائیونگ کرنے پر عائد پابندی کے خاتمے کا بھی اعلان کیا تھا جب کہ سعودیہ کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو سفیر بھی تعینات کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں