کراچی : آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے سندھ پولیس کی مراعات پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کی زیر صدارت اجلاس محکمہ جاتی اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ سندھ پولیس کی مراعات پنجاب پولیس کے مساوی کرکے انہیں دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔اجلاس میں پولیس اہلکاروں کے دو بچوں کی شادی کے لیے گرانٹ 50 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی گئی جبکہ ریٹائرمنٹ پر الاﺅنس 15 اور 25 ہزار سے بڑھا کر بنیادی تنخواہ کے برابر کردیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اہلکاروں کے بچوں کو 65 فیصد نمبر لینے پر مکمل اسکالرشپ دی جائے گی جبکہ موذی بیماری کی صورت میں امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کی گئی ہے،فرائض کے دوران قانونی مسائل اور مقدمات کی صورتحال میں امداد 5 لاکھ تک کر دی گئی ہے جبکہ ڈیوٹی کے دوران مستقل معذوری کی صورت میں اہلکاروں کو مخصوص موٹرسائیکلیں دی جائیں گی۔
اس کے علاوہ بیوہ فنڈ کو 3 ہزار سے بڑھا کر5 ہزار روپے کردیا گیا جسے آن لائن ادا کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس میں 3 سالوں میں انتقال اور جاں بحق اہلکاروں کی امدادی رقوم کے لیے کوائف جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ساتھ ہی پولیس ملازمین کی انشورنس کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ پولیس اہلکاروں کی رہائش گاہ کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے باقاعدہ درخواست کی جائے گی۔آئی جی سندھ نے اے آئی جی ویلفیئر کو 7 روز میں سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔