اسلام آباد:آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ، نسل کشی، خواتین کی بے حرمتی کے واقعات اور گرفتاریوں کے باعث صورتحال دن بد ن بگڑتی جارہی ہے۔اسلام آباد میں برطانوی پارلیمانی وفد کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔آزاد کشمیر کے صدر نے برطانوی پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر کا مسئلہ اور مظلوم کشمیریوں کی حالت زار اجاگر کرنے پر ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لئے کالے قوانین استعمال کررہا ہے۔
آز اد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے برطانوی پارلیمنٹ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کے لئے پارلیمانی وفد وہاں بھیجے۔
برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ کشمیر کا تنازع پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے ۔اس لئے اس مسئلے کو سفارتکاری سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔وفد نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔