نیب بلوچستان نے گوادر میں 70 ارب کی سرکاری زمین میں جعل سازی کا نوٹس لے لیا

03:26 PM, 22 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

کوئٹہ:نیب بلوچستان نے گوادر میں 70 ارب کی سرکاری زمین میں جعل سازی کا نوٹس لے لیا ۔ با اثر افراد نے 3167 ایکڑ انتہائی قیمتی اراضی کے غیر قانونی حصول کے لئے کرپشن کا بازار گرم کر لیا، لینڈ مافیا نے حکومت کوقانونی پیچیدگیوں میں الجھا دیا، نیب نے اراضی کی غیر قانونی تقسیم میں بندر بانٹ اور کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے با اثر افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے کافیصلہ کر لیا، ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے حکمت عملی تیارکر لی گئی، با اثر افراد کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لئے انکوائری شروع ۔

سی پیک کے مرکز بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں 70 ارب مالیت کی سرکاری زمین میں خرد برد کا انکشاف ، با اثر افراد نے 3167 ایکڑ انتہائی قیمتی اراضی کے غیر قانونی حصول کے لئے کر پشن کا بازار گرم کر لیا، لینڈ مافیا نے متعلقہ زمین پر قبضہ حاصل کرنے کے لئے حکومت کوقانونی پیچیدگیوں میں الجھا دیا، نیب نے اراضی کی غیر قانونی تقسیم میں بندر بانٹ کا نوٹس لیتے ہوئے با اثر افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے کا اصولی فیصلہ کر لیا، ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے حکمت عملی تیارکر کے با اثر افراد کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لئے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا۔

گوادر اراضی اسکینڈل کی ابتدائی انکوائری سے یہ بات سامنے آئی کہ گوادر شہر کے چند مقامی افراد نے با اثر افراد کی آشیر باد سے جعل سازی اور کرپشن کے ذریعے سرکار کی تقریبا 12 ہزار ایکڑ زمین اپنے نام پر الاٹ کروائی جبکہ بعد میں حکومتی ایمان دار افسران کی کوششوں سے لینڈ مافیا سے تقریبا 9450 ایکڑ اراضی واگزار کرا لی گئی۔تاہم بعد ازاں طاقت ور لینڈ مافیا نے ریونیو کے افسران کی ملی بھگت سے 3167 ایکڑ زمین دوبارہ اپنے نام پر کروالی جس پر حکومت بلوچستان نے متعلقہ اراضی لینڈ مافیا کے قبضے سے چھڑانے کے لئے کیس ایس ایم بی آر کے فل بنچ کے سامنے پیش کر دیا۔

اس دوران نیب کو ابتدائی جانچ پڑتال کے دوران معلو م ہوا کہ با اثر افراد اب بھی جعل سازی اور کرپشن کے ذریعے گوادر کی انتہائی قیمتی سرکاری زمین کو ہتھیانے کی مزموم کوششوں میں مصروف ہیں جس پر نیب نے نوٹس لیتے ہوئے اراضی اسکینڈل کی شفاف تحقیقات کے لئے ابتدائی طور پر انکوائری کا آغاز کر دیا ہے نیب بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والے جعل سازوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا ئیگا ۔

مزیدخبریں