صدر ملتان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے اظہار یکجہتی، سیالکوٹ میں وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ

01:44 PM, 22 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

سیالکوٹ:صدر ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن شیر زمان سے اظہار یکجہتی کیلئے سیالکوٹ میں وکلاء نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جس کی وجہ سے سیشن اور سول کورٹس وجوڈیشل مجسٹریٹس کی عدالتوں میں زیر سماعت پانچ ہزار سے زائد فوجداری وسول مقدمات کی سماعت نہ ہوسکنے پر انہیں آئندہ پیشیوں تک ملتوی کردیا گیا۔

سیالکوٹ ، ڈسکہ ، پسرور اور سمبڑیال کی کچہریوں میں وکلاء نے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا اورعدالتوں کے بائیکاٹ کے موقعہ پر پولیس کی بھاری نفری کچہریوں میں تعینات رہی اور ہر آنے والے کی تلاشی کا سلسلہ جاری رہا۔

 وکلاء کے عدالتی بائیکاٹ کی وجہ سے سیشن وسول کورٹس اور علاقہ وجوڈیشل مجسٹریٹس کی عدالتوں میں مقدمات کی سماعت نہ ہوسکی جس کی وجہ سے عدالتوں میں زیر سماعت ان مقدمات کو آئندہ تاریخ پیشیوں تک ملتوی کردیا گیا ،عدالتوں کے باہر سائلین موجود رہے۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شوکت علی چوہدری ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ملتان ہائی کورٹ بار کے صدر کے وارنٹ گرفتاری غلط ہیں اور وکلاء اس کی مذمت کرتے ہیں ،وارنٹ گرفتاری واپس لئے جائیں اور قانون وانصاف کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی جائے ، وکلاء نے احتجاج بھی کیا اور نعرے بازی کی ہے ،قبل ازیں ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن سیالکوٹ کے اجلاس میں قرارداد مذمت کرتے ہوئے ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شیر زمان سے اظہار یکجہتی کیا گیا ۔

مزیدخبریں