کسی بھی اماراتی طیارے کو بم سے اڑانے کی کوشش نہیں کی گئی، ترجمان ایمریٹس ائیر لائنز

11:45 AM, 22 Aug, 2017

دبئی: متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس ائیر لائنز کے ایک ترجمان نے ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ امارات کے ایک طیارے کو بم سے اڑانے کی کوشش کی گئی تھی۔ترجمان نے اس اطلاع کو بالکل بے بنیاد قرار دیا ہے۔

قبل ازیں لبنان کے وزیر داخلہ نہاد المشنوق نے انکشاف کیا تھا کہ گذشتہ ماہ چار لبنانیوں نے آسٹریلیا سے ابوظبی آنے والے ایک مسافر طیارے کو دھماکے سے اڑانے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن ان کی اس سازش کو ناکام بنا دیا گیا تھا۔

نہاد المشنوق نے سوموار کے روز ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ لبنان کی داخلی سکیورٹی اتھارٹی کے اطلاعاتی ڈویژن اور آسٹریلیا کے داخلی سلامتی کے ذمے دار محکمے نے باہمی روابط کے ذریعے اس خودکش حملے کی سازش کو ناکام بنایا تھا۔

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ اس طیارے میں چار سو مسافر سوار تھے ۔ان میں ایک سو بیس لبنانی شہری تھے۔یہ طیارہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی سے ابو ظبی آرہا تھا۔ اس کو اڑانے کی سازش میں چار لبنانی بھائی ملوث تھے۔

ان میں سے ایک سے معمول سے بڑا دستی بیگ ملا تھا اور تلاشی لینے پر ا س میں سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

مزیدخبریں