بارسلونا، دہشت گردانہ حملے کا اہم ملزم فائرنگ سے ہلاک

11:40 AM, 22 Aug, 2017

بارسلونا: اسپین میں پولیس نے تصدیق کی ہے کہ بارسلونا میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے اہم ملزم کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم یونس ابو یعقوب نے دھماکا خیز مواد والی نقلی بیلٹ پہنی ہوئی تھی۔ اس سے قبل پولیس نے تصدیق کی تھی کہ وہ 22 سالہ ابو یعقوب کی تلاش میں ہیں جن پر شک تھا کہ انھوں نے شہر کے ایک مصروف مقام پر پیدل چلنے والے درجنوں افراد کو وین کے نیچے کچل دیا تھا۔

اسپین کے میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس کے للکارنے پر ابو یعقوب نے اللہ اکبر کا نعرہ لگایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل یونٹ نے روبوٹ کے ذریعے جعلی دھماکا خیز مواد سے بھری جیکٹ کا معائنہ کیا اور اس کے بعد ابو یعقوب کی ہلاکت کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن تاحال جاری ہے جبکہ مقامی ریڈیو سیڈانا سر کے مطابق اس آپریشن میں ایک اور شخص اور وین کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ کارروائی بارسلونا سے 40 کلو میٹر دور کی گئی۔ مقامی شہریوں نے بتایا کہ بیس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جائے وقوعہ کی جانب گئیں جبکہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی نگرانی کی جا رہی تھی۔

اسپین کے وزیراعظم نے اس واقعے کو 'جہادیوں کا حملہ' قرار دیا تھا اور اس حملے کے بعد تین روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ آور شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے براہ راست رابطے میں تھے یا ان کے لیے ہمدردی رکھتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں