لندن: ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے جارح مزاج بلے باز کرس گیل اور مارلن سیمیولز کو شامل کر لیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو یونین اور بورڈ کے درمیان عارضی اتفاق کے بعد ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کے سلیکشن پینل کے چیئرمین کورٹنی براؤن کا کہنا تھا کہ گیل اور سیمیولز ہماری بیٹنگ میں قیمتی اضافہ ہوں گے اور ٹیم کے نوجوان بلے بازوں کی تربیت میں مدد کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سنیل نرائن اور ڈیرن براوو دونوں نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شرکت سے انکار کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی پالیسی کے مطابق عام طور پر بین الاقوامی میچوں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب اسی وقت کیا جاتا ہے جب وہ اسی طرز میں ڈومیسٹک سیزن میں بھی شریک رہے ہوں۔
یاد رہے کہ کئی کھلاڑیوں کو اس لیے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا ہے کیونکہ وہ آسٹریلیا کی بگ بیش جیسی منافع بخش بیرونی لیگ کھیل رہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے جہاں وہ ٹیسٹ سیریز کھیل رہی اور پہلے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچ میچوں کی ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ 19 ستمبر کو اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں