لاہور : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات میں صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا، تاہم ہم نے واضح کر دیا کہ یہ عدالتوں کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
لاہور رنگ کے پروگرام "مہمان خاص" میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی اپنا جارحانہ رویہ ترک کرکے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کریں تاکہ جمہوری نظام مستحکم ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ اہم قومی فیصلے، خصوصاً تقرریوں جیسے معاملات، سڑکوں پر حل ہوں، جو کہ جمہوری اصولوں سے متصادم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کے ذریعے سیاسی عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ تمام جماعتیں آئینی دائرے میں رہ کر بات کریں۔