غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ، مزید 50 فلسطینی شہید

03:27 PM, 22 Apr, 2025

نیوویب ڈیسک

غزہ :  غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بے گھر فلسطینیوں کے کیمپوں اور خیموں پر حملوں میں 50 سے زائد افراد شہید ہوگئے۔ شہداء میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جب کہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔ غزہ کی صحت حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق، اسرائیلی فضائی حملے خاص طور پر وسطی اور جنوبی غزہ میں بے گھر افراد کے عارضی کیمپوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، جس سے پہلے ہی انسانی بحران کے شکار علاقے میں صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے۔

دوسری جانب، خطے میں قیام امن کے لیے مصر اور اردن نے اسرائیل اور حماس کے درمیان پانچ سے سات سالہ جنگ بندی کا نیا منصوبہ پیش کیا ہے۔ مجوزہ منصوبے میں اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا، قیدیوں کا تبادلہ، اور بین الاقوامی نگرانوں کی تعیناتی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک نے اس حوالے سے ابتدائی مذاکرات بھی شروع کر دیے ہیں۔

ادھر اسرائیلی داخلی سلامتی ایجنسی شن بیت کے سربراہ رونن بار نے ایک غیرمعمولی بیان میں وزیر اعظم نیتن یاہو کو اسرائیل کے لیے خطرہ قرار دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ قیادت کی پالیسیوں نے اسرائیل کو داخلی اور خارجی سطح پر کمزور کیا ہے۔

اسی دوران، یمن سے بھی کشیدگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جہاں امریکی افواج نے دارالحکومت صنعا سمیت مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم صورت حال کشیدہ ہے۔

مزیدخبریں