پاکستان میں پہلی بار صرف 35 دن میں انڈر پاس کی تعمیر کا ریکارڈ، وزیر داخلہ کا منصوبے کا دورہ

03:11 PM, 22 Apr, 2025

اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک انڈر پاس منصوبہ صرف 35 دن کی مختصر مدت میں مکمل ہونے جا رہا ہے، جو شہریوں کے لیے ٹریفک کی روانی میں بڑی بہتری لائے گا۔ جناح اسکوائر مری روڈ پر جاری اس منصوبے کی کھدائی کا کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے، اور اسے ریکارڈ وقت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے اس منصوبے کو مقررہ 35 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ اس کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے مری تک سگنل فری کوریڈور کا حصہ ہے، جو سیاحوں کو مری پہنچنے میں سہولت فراہم کرے گا اور شہر کے ٹریفک کے مسائل کو حل کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے تحت کشمیر چوک کے قریب ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی اور ایندھن کی بچت بھی ہوگی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انڈر پاس 479 میٹر طویل ہے اور تین ٹریفک لینز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، منصوبے کے تحت ملحقہ پل کو بھی چوڑا کیا جا رہا ہے اور مزید لینز کا اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں