لاہور : ملک کے مختلف حصوں میں سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کر دی ہیں اور گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ صرف کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے چند مقامات پر ہلکی پھلکی بارش کی امید ہے۔
کراچی والوں کے لیے صورتحال خاصی سخت ہو گئی ہے، جہاں ہیٹ ویو کا تیسرا دن جاری ہے۔ آج درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اور 23 اپریل تک گرمی کی یہ لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز شہر کا درجہ حرارت 40.7 ڈگری رہا، جبکہ آج صبح کا کم از کم درجہ حرارت 24 اور موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں بھی سورج خوب چمک رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ کم از کم درجہ حرارت 24 ڈگری رہا۔ اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری ہے اور ہوا میں نمی کی مقدار 36 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ لاہور میں بھی بارش کے کوئی آثار نہیں ہیں اور اگلے دنوں میں گرمی مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
ادھر بلوچستان میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا اور کہیں کہیں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے پورے ملک کے لیے 22 سے 27 اپریل تک شدید گرمی کی وارننگ جاری کر دی ہے، اور عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔