وزیراعظم شہباز شریف کا نمایاں کارکردگی دکھانے والے سمندر پار پاکستانیوں کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا نمایاں کارکردگی دکھانے والے سمندر پار پاکستانیوں کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پاکستانیوں کو اب سول ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں اوورسیز پاکستانیوں کے امور پر ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کے اعتراف میں ایک بڑا قدم اٹھایا ہے، اور اُن کی محنت، قربانی اور ملک سے محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی ہمارے "غیر رسمی سفیر" ہیں جو اپنی محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہے ہیں، چاہے وہ میڈیکل، تعلیم، انجینئرنگ یا کنسلٹنسی کا شعبہ ہو۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے تجربے اور مہارت سے وطن عزیز کو فائدہ پہنچا سکیں۔

وزیراعظم نے حالیہ اوورسیز کنونشن میں بڑی تعداد میں شرکت کو حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت قرار دیا، اور کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کے جذبات اور ملک سے وابستگی قابلِ فخر ہے۔

مصنف کے بارے میں