اسلام آباد : ایرانی صدر عزت مآب ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچ گئے ۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو پاکستان کی مسلح افواج کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایرانی وفد کے اراکین سے مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے۔ایرانی صدر نے وفاقی کابینہ کے اراکین سے ملاقات کی اور وزیرِ اعظم ہاؤس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ صدر نے اپنے ساتھ آئے وفد سے وزیراعظم کا تعارف کرایا۔ ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم ہاؤس میں پودا لگایا اور خیر سگالی کی دعابھی کی۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس میں اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔
اس سے پہلے آج صبح ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے، ان کی اہلیہ، ایرانی وزیرِ خارجہ، کابینہ ارکان، اعلیٰ حکام اور تاجر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔اسلام آباد میں ایئر پورٹ پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے استقبال کیا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے صدر آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں شیڈولڈ ہیں۔آج رات ایرانی صدر کی ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہو گی۔صدرِ مملکت ایرانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔