باجوڑسے آزاد امیدوار مبارک زیب سنی اتحاد کونسل کو اپ سیٹ شکست دیکر کامیاب

 باجوڑسے آزاد امیدوار مبارک زیب سنی اتحاد کونسل کو اپ سیٹ شکست دیکر کامیاب

پشاور: خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 باجوڑ میں آزاد امیدوا ر مبارک  زیب نے میدان مار لیا۔

خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 8 باجوڑ کے ضمنی انتخاب میں آزاد امیدوار مبارک زیب نے سنی اتحاد کونسل کو اپ سیٹ شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 باجوڑ کی ضمنی انتخاب میں تمام 366 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار مبارک زیب 74 ہزار 8 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار گل ظفر خان 47 ہزار 282 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

نومنتخب رکن اسمبلی نے ایک سابق گورنر اور  پانچ سابق ایم این ایز کو شکست سے دوچار کیا۔ان میں سنی اتحاد کونسل کے گل ظفر، جماعت اسلامی کے صاحب زادہ عبدالرشید جبکہ ن لیگ کے شہاب الدین اور پیپلزپارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی اخونزادہ چٹان شامل ہیں۔

مبارک زیب کے مدمقابل سابق گورنر خیبرپختونخوااور رکن قومی اسمبلی  انجینئر شوکت اللہ خان بھی   الیکشن ہار گئے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے باجوڑ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پارٹی کے مقتول کارکن ریحان زیب کے بھائی مبارک زیب کے خلاف گل ظفر خان کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔پی ٹی آئی سے ٹکٹ نہ ملنےکے بعد مایوس ہو کر  مبارک زیب نے علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی قیادت کے خلاف بیان بھی دیا تھا۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران قومی اسمبلی کے حلقہ این اے باجوڑ 8 سے آزاد امیدوار ریحان زیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔

پولیس کا بتانا تھا کہ ریحان زیب الیکشن مہم کے سلسلے میں صدیق آباد پھاٹک پر موجود تھے کہ نامعلوم افراد نے انہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

مصنف کے بارے میں