ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی
سورس: file

اسلام آباد:  ملک بھر میں  عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی   گئی۔ عید کی نماز کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جب کہ اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

نیو نیوز کے مطابق اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد اور گلگت سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید کے اجتماعات ہوئے۔لوگ ایک دوسرے سے گلے ملے اور عید کی مبارکباد بھی دی۔ 

عید کے اس پُرمسرت موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعاگو ہوں عید ہمارے لیے امن و سلامتی اور خوشیوں کے ایام لائے، رمضان المبارک ہمارے اندر تقویٰ، پرہیزگاری اور دوسروں کی تکلیف کا احساس پیدا کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت ملک کو مشکل سیاسی اور اقتصادی حالات کا سامنا ہے، ہم سب اپنے ملک کے لیے درد محسوس کر رہے ہیں، قوم کی توجہ معاف کرنے، رحم فرمانے والے رب کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں معاف کرنے، درگزر کرنے کا حکم دیتا ہے، آج ہم لوگوں کو معاف کرنے کو تیار نہیں۔


وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک پیش کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزوں اور عبادات سے ہماری زندگی میں صبر، قناعت اور دوسروں کے احساس کا جو جذبہ پیدا ہوا عیدالفطر پر اس کے عملی اظہار کا بھی ایک موقع ہے۔

مصنف کے بارے میں