اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کے زریعے منی لانڈرنگ کی، وزارت عظمی کی کرسی کو دکان میں تبدیل کر دیا، 58 تحفے جو توشہ خانہ سے خریدے اس کے پیسے کہاں سے آئے ؟
اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم پر شدید لفظی وارکرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کی مثالیں دینے والے کے قول و فعل میں تضاد تھا، عمران خان نے اپنے مافیا کے زریعے ہر شعبے میں ڈاکاڈالا۔ انہوں نے کہا کہ آپ عوام کے مجرم ہیں، حساب تو دینا پڑے گا۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اب الیکشن میں سازش ہو گی نہ مداخلت ، آرٹی ایس نہیں بیٹھے گا اور نہ ہی کسی علاقے میں دھند چھائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان پارلیمان سے آئینی طریقے سے نکالے گئے ، گزشتہ دور حکومت میں مہنگائی کا طوفان برپا رہا، معاشی دہشت گردی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، آپ نے 2 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے کیا۔
مریم اورنگزیب نے عمران خان سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو بطور وزیراعظم جو تحفے ملے وہ بیچتے رہے ، 58 تحفے آپ نے لیے اور دکانوں پر جاکر بیچتے رہے ، توشہ خانہ سے جو تحفے خریدے اس کے پیسے کہاں سے آئے ؟۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ بیرون ملک سازش کی بات کرتے ہیں آپ کو شرم آنی چاہیے ،آپ کے اعمال نے آپ کو اقتدار سے نکالا۔