افطار کے فوری بعد سگریٹ نوشی، طبی ماہرین نے خبردار کر دیا

01:10 PM, 22 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

انقرہ: افطار کے فوراً بعد سگریٹ نوشی کرنیوالوں کو طبی ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے  اس کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کر دیا۔

 
ترکی میں ہونے والی  ایک تحقیق کے مطابق روزہ افطار کرنے کے فوری بعد سگریٹ نوشی کی عادت صحت پر خطرناک منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے، اس عادت سے زیادہ  صحت کیلئے خطرناک عمل کوئی نہیں۔تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ افطار کے وقت جسم کو پانی، گلوکوز اور آکسیجن کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے میں سگریٹ نوشی  شریانوں کو سکیڑنے کا باعث بنتی ہے اور خون میں آکسیجن کو مناسب مقدار میں جذب نہیں ہونے دیتی۔جس کے باعث خون گاڑھا ہوجاتا ہے اور اس کے جمنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، دل کی دھڑکن بے ربط ہو جاتی ہے، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔

تحقیق کے مطابق ان سب عوامل سے دل کی بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے اور جو پہلے سے دل کے مریض ہیں ان کے لئے ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ افطار کے فوراً بعد سگریٹ پینے سے نہ صرف دل کی تکلیف ہونے کا خطرہ ہے بلکہ اس کے ساتھ یہ جسمانی جھٹکوں اور ہاتھ پاؤں میں کپکپاہٹ اور کمزوری کا باعث بھی بننے لگتی ہے۔آسان لفظوں میں اگر کہیں تو افطار کے فوراً بعد سگریٹ پینا آپ کی اچانک موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق روزہ کھولتے ہی سگریٹ کی شدید طلب ہو توروزہ کھولتے ہی سگریٹ نہ پی جائے بلکہ افطار کے 30 سے 40 منٹ بعد سگریٹ نوشی کی جاسکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان کا مبارک مہینہ سگریٹ نوشی جیسی عادات کو ترک کرنے کا اچھا موقع ہے کیونکہ جب انسان روزے کی حالت میں دن بھر میں تقریباً 14 سے 15گھنٹے تک سگریٹ پئے بغیر رہ سکتا ہے تو یہ عمل سال بھر بھی کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔

مزیدخبریں