کوئٹہ: بلوچستان میں آواران کے قریب سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپ کے نتیجے میں میجر شاہد بشیر شہید اور ایک سپاہی زخمی ہو گیا جبکہ دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 اور 22 اپریل کی رات بلوچستان کے علاقے آواران میں دہشت گروں نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں نے کاہان میں قائم چیک پوسٹ پر حملہ کیا تو سیکیورٹی فورسز نے حملے کو کامیابی سے پسپا کیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہونے تو قریبی پہاڑیوں میں ان کا تعاقب کیا گیا جس دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں میجر شاہد بشیر شہید ہو گئے جبکہ ایک سپاہی زخمی ہوا۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن و استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔