اسلام آباد: حکومت نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کا غیر ضروری استعمال روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب انتہائی ضروری ہونے پر ہی نام فہرست میں شامل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قانون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کمیٹی برائے ای سی ایل نے رولز میں ترمیم کی سفارش کردی۔ نئے رولز کے تحت انتہائی ضروری ہونے پر ہی نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کے مقدمات نمٹانے کیلئے وقت مقرر کرنے کی تجویز بھی آئی ہے۔ یہ تجویز کئی سال سے زیر التوا درخواستوں کے باعث دی گئی۔
ای سی ایل کمیٹی کے رکن وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کا سب سے زیادہ فائدہ عمران خان کو ہو گا۔ وزارت قانون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد رولز میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔