اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک سمیت وفاقی کابینہ کے مزید تین وفاقی وزراءاور ایک وزیر مملکت نے حلف اٹھا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے وفاقی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے مزید تین وزراءاور ایک وزیر مملکت کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جن میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک بھی شامل ہیں۔
ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نئے وفاقی وزراءسے حلف لیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جاوید لطیف اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے آغا حسن بلوچ اور مسلم لیگ (ق) کے چوہدری سالک حسین نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف لیا جبکہ بی این پی کے محمد ہاشم نوتیزئی نے وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
یاد رہے کہ صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے نئی کابینہ سے حلف لینے سے معذرت کے بعد چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی نئی وفاقی کابینہ سے حلف لے چکے ہیں جس میں 30 وزرا ، 4 وزرائے مملکت اور3 مشیر شامل ہیں۔