لاس اینجلس: ہالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ انجلینا جولی نے انکشاف کیا کہ انہیں اپنی نئی فلم ’دوز ہو وش می ڈیڈ‘ کی شوٹنگ کے دوران اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں ہانا کا کردار ادا کرتے ہوئے ایک چھوٹے بچے کی مونٹانا کے بیابان میں رہنمائی کرنی تھی۔
45 سالہ اداکارہ انجلینا جولی ہدایتکار ٹیلر شیریڈن کی سنسنی خیز فلم میں ہانا کا کردار ادا کر رہی ہیں جو کہ ایک فائر فائٹر ہے اور اسے ایک 12 سالہ لڑکے کی حفاظت کرنی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کے لیے اپنی ممتا کی وجدانیت پر قابو پانا مشکل ہو گیا تھا۔
انجلینا جولی نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’فلم میں میرا کردار فطرتاً ماں کا نہیں ہے تو کبھی ٹیلر مجھے اس بات پر ٹوکتے ہیں کیونکہ ایک بچے کے ساتھ میرا سلوک (ہانا کے طرزِ عمل) سے مختلف ہو جاتا تھا۔ مجھے (چھوٹے سے) تھوڑا بُرا سلوک کرنا تھا لیکن مجھے اسے کرنے میں تھوڑا وقت لگا۔‘
اپنے فلمی کیریئر میں بھاری اسٹنٹس والی فلمیں جیسے کہ فلم لارا کرافٹ: ٹومب رائڈر، مسٹر اور مسز اسمتھ، مطلوب اور سالٹ کے ایک طویل انتظار بعد جولی کی فلم ’دوز ہو وش می ڈیڈ‘ سے ایکشن ہیروزم میں واپسی ہوئی ہے۔
چھ بچوں کی والدہ انجلینا جولی نے پچھلے کچھ سالوں کا بیشتر حصہ فلم اندسٹری سے دور رہ کر گزارا اور ’فرسٹ دے کل مائی فادر‘ جیسے ڈراموں کی ہدایت کاری میں صرف کیا لیکن 2021 میں وہ اسکرین پر دوبارہ نظر آئیں گی۔