لاہور: دسویں جماعت کے امتحانات 25 مئی سے شروع ہوں گے اور 9 ویں جماعت کے امتحانات کا 10 جون سے آغاز ہو گا اور رواں سال بھی پریکٹیکلز نہیں لئے جائیں گے۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلا پرچہ عربی کا ہوگا جبکہ آخری پرچہ مطالعہ پاکستان کا ہوگا، انٹر میڈیٹ کے امتحانات 3 جولائی سے شروع اور 17 جولائی تک جاری رہیں گے۔ دریں اثنا تعلیمی بورڈ لاہور نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی ڈیٹ شیٹ تیار کرلی۔رواں سال بھی عملی امتحانات (پریکٹیکلز) منعقد نہیں کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ 19 اپریل کو نویں سے بارہویں جماعت تک کلاسز کا آغاز ہو گیا تھا جبکہ پہلی سے آٹھویں تک اسکول عید تک بند رہیں گے۔
اس سے قبل آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین کی قیادت میں نجی تعلیمی اداروں کے وفد نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کی تھی۔
اس موقع پ اسد عمر نے کہا کہ سکولوں کی مسلسل بندش سے طلباء کے مسائل اور تعلیمی نقصان کاا احساس ہے۔ آن لائن طریقے سے تعلیم کے خاطر خواہ نتائج نہیں مل سکتے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کم ازکم ہفتے میں دو دن فزیکل کلاسز کا ہونا ضروری ہے کورونا کی وجہ سے طلباء کا پہلے ہی کافی تعلیمی نقصان ہو گیا ہے لہذا ہفتے میں دو دن فزیکل کلاسز ہونا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ او لیول،اے لیول اور اے ایس کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ کورونا کیسز کی زیادہ شرح والی جامعات میں آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا۔
شفقت محمود کا مزید کہنا تھا کہ جن اضلاع میں کورونا وائرس کی مثبت شرح 8 فیصد سے کم ہے ان اضلاع میں بھی یونیورسٹیاں کھول دی جائیں گی۔