اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں زمین سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے آج ’ارتھ ڈے‘ منایا جارہا ہے۔اس سال یومِ ارض کا تھیم "ری سٹورنگ ارتھ" یا زمین کے قدرتی ماحول کی بازیابی ہے۔
اس دن کے منانے کا مقصد زمین پر ماحولیاتی آلودگی اور دیگر مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ یہ دن پہلی بار 1970 میں منایا گیا تھا اور اب ہر سال 22 اپریل کو دنیا بھر میں 'یوم ارض ' منایا جاتا ہے۔
ہر سال ارتھ ڈے کے موقع پر کئی ممالک میں تقاریب ، سیمینارز اور شجر کاری مہم چلائی جاتی ہے۔ لیکن اس سال، مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے باعث پابندیوں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ہی اس دن کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے نسل انسانی کو شدید ترین خطرات لاحق ہوچکے ہیں ،ان خطرات کو کم سے کم تر کرنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک مل کر کام کررہے ہیں ۔