اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ اب میگا کرپشن کیسز سالہا سال نہیں چلیں گے بلکہ ان کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔
چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ ذمہ داریاں سنبھالتے ہی 179 میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی، ان میں سے 105 بدعنوانی کے ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائر کرائے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ تمام برائیوں کی جڑ بدعنوانی کو میرٹ کے مطابق ختم کیا جائے۔ نیب میں پیش ہونے والے تمام افراد کی عزت نفس کا قانون کے مطابق خیال رکھیں۔ ملک سے ہرقسم کی بدعنوانی کے جڑ سے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ہدایت کی کہ عدالتوں میں نیب ریفرنس کی پیروی مکمل تیاری، شواہد اور قانون کے مطابق کی جائے۔ نیب خوداحتسابی کےساتھ احتساب سب کا کی پالیسی پرعمل پیراہے۔
چیئرمین نیب نےندیم ساجدڈپٹی ڈائریکٹرنیب کراچی کو3ماہ کےلیےمعطل کردیا۔