سری لنکا دھماکے، ہلاکتوں کی تعداد 250 سے زائد ہو گئی

09:26 AM, 22 Apr, 2019

کولمبو: سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 8 دھماکوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد  250 سے زائد  ہو گئی جبکہ  سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔

سری لنکن میڈیا کے مطابق بدترین دہشت گردی سے اتوار کو سری لنکا دھماکوں سے لرز اُٹھا۔ حملہ آوروں نے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو اور تین شہروں میں گرجا گھروں اور فائیو اسٹار ہوٹلوں کو 8 بم دھماکوں سے نشانہ بنایا اور دھماکوں کے بعد پورے ملک میں 12 گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی فورسز نے 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلا دھماکا کولمبو میں سینٹ انتھونی چرچ میں، دوسرا سینٹ سبیس ٹین کولمبو کے باہر کے علاقے میں اور تیسرا کولمبو کے علاقے بٹی کالاؤ کے گرجا گھر میں ہوا ہے جبکہ نشانہ بننے والے تین ہوٹلوں میں دی شینگریلا، سینامن گرانڈ اور کنگز بری شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق مرنے والوں میں 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں جن میں 5 برطانوی اور 3 بھارتی شہری بھی ہیں اس کے علاوہ ڈنمارک، ترکی اور چین کے دو، دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ نیدر لینڈز اور پرتگال کا ایک، ایک شہری بھی ان حملوں میں مارا گیا ہے۔

سری لنکن وزیر اعظم نے بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے دھماکوں کو بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سری لنکن عوام اس مشکل وقت میں متحد اور مضبوط رہیں جبکہ حکومت موجودہ صورتحال کے حل کے لیے فوری اقدامات کر رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرجا گھروں میں دھماکے ایسٹر کی دعائیہ تقریبات کے دوران ہوئے۔

مزیدخبریں