لاہور: گلوکارہ میشا شفیع کے علی ظفر پر الزام کے بعد پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مایہ ناز فنکار بھی اپنے تلخ تجربات سامنے لا رہی ہیں۔ اداکارہ ارمینہ رانا خان نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے اپنے ساتھ جنسی ہراسگی کا واقعہ بیان کردیا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”میں لاہور کے معروف بازار انار کلی میں برقع پہن کر گئی ،کوئی نہیں جانتا تھا کہ میں کون ہوں ،اسی دوران وہاں دو افراد نے میرے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کی،یہ سب میری فیملی نے بھی دیکھا اور میں نے ان لڑکوں سے پوچھا کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا ،مجھے بتا یا گیا کہ انار کلی میں یہ ایک عام بات ہے ،کیا میں اس سلوک کی مستحق تھی ؟“۔
انہوں نے کہا کہ جنسی ہراسگی کا شکار لوگ انصاف کا حق رکھتے ہیں ،کپڑے اور پیشہ ور افراد اس حوالے سے کچھ نہیں کر سکتے ،اگر کپڑوں سے کوئی فرق پڑتا ہو تو پھر چھوٹی بچیاں زیادتی کا نشانہ بننے کے بعد قتل نہ ہوں کیونکہ وہ ابھی بڑی نہیں ہوئیں۔