پاک فوج کے میرانشاہ میں تاجروں کے جرگے سے مذاکرات ، مثبت نتائج برآمد

08:55 PM, 22 Apr, 2018

میرانشاہ: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ قبائلیوں کے مسائل یہیں رہتے ہوئے حل کرنا ہے اور ملک دشمنوں کی نظر ہونے نہیں دینا۔


یہ بات انہوں نے میرانشاہ میں تاجروں کے جرگے سے ملاقات کے بعد اپنی گفتگو کے دوران کہی،ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر تاجر مسائل کے حل کیلئے جرگہ منعقد ہوا۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مسئلہ ایسا نہیں ہےجو مذاکرات سے حل نہ ہوسکے، قبائلیوں نے فورسز کے ساتھ مل کرقیام امن کیلئے بڑی قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشنز سے دہشت گردی ختم ہوئی، اب پہلے سے بہتر ماحول ملے گا، عوامی مسائل کا حل ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ امن کو ملک دشمنوں کے ہاتھوں خراب نہیں ہونے دیں گے۔

جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے ’’پاک فوج اور پاکستان زندہ باد‘‘کے نعرے لگائے۔جرگے میں میرانشاہ کے دکانداروں کے نقصان کی زر تلافی کا تعین کرنے کے لیے پولیٹیکل ایجنٹ شمالی وزیرستان کی نگرانی میں دکانداروں کی کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

دکانداروں نے بھی کمیٹی کے قیام اور پاک فوج کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا، کمیٹی میں متاثرہ دکاندار بھی شامل ہوں گے,صدر میران شاہ مارکیٹ محمدصدیق نے اس موقع پر کہا کہ سب سے پہلے پاکستان،پاکستان ہے تو ہم ہیں۔

پولیٹیکل ایجنٹ کے مطابق میران شاہ اور میر علی بازاروں کیلئے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو مقررہ مدت میں دکان داروں کے نقصان کا تخمینہ لگائیں گی، انہوں نے کہا کہ عمائدین اور مشران کے ساتھ مل کر علاقے کا امن بحال رکھیں گے۔
 

مزیدخبریں