روم :اطالوی سائیکلسٹ مشیل اسکارپونی تربیتی رائیڈ کے دوران پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے۔امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2011 میں اطالوی ریس جیرو دی اطالیہ کے چیمپئن رہنے والے مشیل اسکارپونی ہفتے کے روز اٹلی کے شہر انکونا کے علاقے فیلوٹرانو میں اپنے گھر کے قریب سائیکلنگ کررہے تھے کہ ایک وین نے انہیں ٹکر مار دی۔
حادثے کے نتیجے میں 37 سالہ اسکاپورنی کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔وہ قزاقستان میں رجسٹرڈ سائیکلنگ ٹیم آستانہ کے رکن تھے جبکہ ان کی آستانہ ٹیم کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثہ اسکارپونی کے گھر کے قریب پیش آیا۔ٹیم آستانا کے بیان میں لکھا ہے کہ، 'اس سانحے کو لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔'بیان میں اسکارپونی کو ایک عظیم چیمئن' اور ایک بہرتین انسان قرار دیا گیا جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ انتہائی غم کی اس گھڑی میں آستانہ پرو ٹیم مشیل کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔اسکارپونی نے سوگواران میں اہلیہ اور دو بچوں کو چھوڑا ہے۔واضح رہے کہ جمعے کے روز ٹور آف دی ایپس ریس میں حصہ لینے کے بعد گھر واپس لوٹے تھے اور اس ریس میں ان کی چوتھی پوزیشن رہی تھی۔اسکارپونی نے 2002 میں پروفیشنل سائیکلنگ شروع کی تھی اور انہوں ے سائیکلنگ کی دنیا میں اپنا آغاز ایکوا اینڈ سیپون کنٹینا ٹولو ٹیم کے ساتھ کیا، اور ان کی پہلی ریس گیرو ڈی اٹیلیا تھی جس میں انہوں نے 18 ویں نمبر پر فنش لائن پار کی تھی۔2007 میں سائیکلنگ کے ایک سب سے بڑے ہسپانوی ڈوپنگ اسکینڈل میں اسکارپونی کا بھی نام آیا تھا اور ان پر 18 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی تھی.