اسلام آباد: گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پانامہ کی آڑ میں جمہوریت کو غیر مستحکم کرنے اور ملک میں سیاسی ابتری او ر انارکی پھیلانے کے درپے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی تیز رفتارترقی اور تاریخی منصوبوں کی تکمیل نے مخالفین کی نیندیں اڑا دی ہیں اور آئندہ انتخابات میں اپنی شکست واضح نظر آنے پر محض ذاتی اور سیاسی مفادات کے لئے ایک دوسرے کے بدترین مخالف آج اکٹھے ہو رہے ہیں ۔
یہ بات انہوں نے پنجاب ہاوس اسلام آباد میں اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عارف چوہدری کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔ وفد میں بار کے نائب صدر چوہدری ریاض احمد ، جنرل سیکریٹری محمد ارباب عالم عباسی ، جوائنٹ سیکریٹری آصف علوی شامل تھے ـاس موقع پر قومی اموراور ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ـ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سپریم کورٹ کی طرف سے پانامہ کیس کے فیصلے کے نتیجے میں سیاسی رہنمائوں کے طرز عمل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت کسی سیاسی محاذ آرائی اور کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا ، موجودہ حکومت تیز رفتاری ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ میگا پراجیکٹس کی تکمیل کے لئے دن رات کوشاں ہے ،ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات اور چیلجز کا مقابلہ کرنے کیلئے اس وقت قومی سوچ اور فکر اپنانے کی ضرورت ہے لیکن ملک و قوم کا سوچنے کے بجائے سیاسی رہنما ہٹ دھرمی پر اتر آئے ہیں جنہیں ہوش مندی سے کام لینا چاہیےـ
انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف عناصر کا گٹھ جوڑ قومی ترقی کے عمل کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے جو دھونس ٫ دھاندلی اور ہٹ دھرمی سے ایک منتخب وزیر اعظم کو ان کے منصب سے ہٹانے کے لئے دبائو ڈال رہے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے پاکستان میں تعمیر و ترقی کے ریکارڈ میگا پراجیکٹس مکمل کئے ہیں جس سے ملک میں عوامی خوشحالی اور قومی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے لیکن سیاسی مخالفین ترقی کا یہ سفر بذور طاقت روکنے کے لئے غیر سیاسی ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں جو کسی طرح بھی کامیاب نہیں ہو سکتے ـ
انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے جمہوریت کی بحالی٫ انسانی حقوق کے تحفظ اور جمہوری قدروں کے فروغ کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ہے جسے پاکستان کی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ـ انہو ں نے کہا کہ ماضی کی طرح موجودہ حکومت مخالف پراپیگنڈہ بھی ناکام ہو گا اور موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر کے ملک کو ترقی اور معاشی استحکام سے ہمکنار کرنے کا ایجنڈا مکمل کرے گی ـ
بار ایسوسی ایشن کے صدر عارف چوہدری نے حکومت کی طرف سے ملک میں سیاسی استحکام ٫ امن و امان قائم رکھنے ٫ دہشت گردی پر قابو پانے اور معاشری ترقی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وکلاء برادری کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پانامہ کے بارے میں عدالتی فیصلے پر ہیجان برپا کرنے والے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں جو قابل مذمت ہے ـ
صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عارف چوہدری نے کہاکہ انصاف کا تقاضا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہ صرف من و عن تسلیم کیا جائے بلکہ اس پر عملدرآمد بھی کرایا جائے یہ قرین انصاف نہیں کہ اپنی پسند کا فیصلہ مان لیا جائے اور جو ناپسند ہو اسے رد کر دیا جائے۔