'آصف زرداری بڑے دہشتگرد ہیں، ان کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہونا چاہیئے'

12:31 PM, 22 Apr, 2017

فیصل آباد: وزیر مملکت عابد شیر علی  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری پر خوب گرجے۔ کہتے ہیں ان سےبڑا دہشتگرد کوئی اور نہیں۔ آصف زرداری کا ٹرائل بھی ملٹری کورٹ میں ہونا چاہیے۔ سندھ میں جتنی جے آئی ٹی بنیں اس میں لکھا ہے آصف زرداری سرغنہ ہے۔ عزیر بلوچ کے انکشافات میں زرداری اورفریال تالپور کا نام آتا ہے جبکہ اعتزاز احسن نے بیوی کے نام پر ایل پی جی کے ٹھیکے لیے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا پاکستان میں ساری برائیوں کی جڑ آصف زرداری ہے اور پیپلز پارٹی کا منشور ہے کہ ملک میں ادارے تباہ ہو جائیں جبکہ کراچی میں ذوالفقار مرزا کے انکشافات پر بھی جے آئی ٹی بننی چاہیے۔ عابد شیر علی نے الزام لگایا کہ حساب لیا جائے تو ایک ہزار قتل کا سرا آصف زرداری کے گھر جائے گا۔ ایان علی پکڑی جاتی ہے تو پیپلز پارٹی کو مروڑ ہوتا ہے۔ عزیر بلوچ نے انکشاف کیا بلاول ہاؤس کراچی کے اطراف کروڑوں کی زمین پر قبضہ کیا گیا ہے۔

عابد شیر علی نے کہا ڈاکٹر عاصم کرپشن میں پکڑا جاتا ہے تو پیپلز پارٹی والے روتے ہیں اور حسین حقانی کو ایوان صدر میں آصف زرداری نے چھپایا اسکی بھی تحقیقات ہونی چاہیں۔ انہوں نے کہا آصف علی زرداری آپ ہمیں لانڈھی جیل کا سبق نہ دیں بلکہ اس جیل میں لوٹ مار کے چیمپئن جائیں گے کیونکہ آصف زرداری کا پیسا کمپیوٹر میں جاتا ہے تو وہ بھی شرمندہ ہو جاتا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں