سفارتی کشیدگی : کینیڈین شہریوں کیلئے انڈین ویزوں کا اجرا معطل

02:47 PM, 21 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

ٹورنٹو: کینیڈا میں انڈین سفارت خانے نے کینیڈین شہریوں کو انڈیا کے لیے ویزوں کے اجرا کا عمل تاحکم ثانی معطل کر دیا ہے۔

سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آپریشنل وجوہات‘ کی بنا پر ویزا سروس کو تاحکم ثانی روک دیا گیا ہے۔

کینیڈا کے انڈین ویزا سینٹر نے اپنی ویب سائٹ پر عوام کے لیے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر انڈین ویزا سروس 21 ستمبر 2023 سے تا حکم ثانی معطل کر دی گئی ہے۔ مزید معلومات کے لیے براہ کرم (متعلقہ) ویب سائٹ چیک کرتے رہیں۔تاہم اب یہ معلومات انڈین ویزا سینٹر کی ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی ہیں۔

بی ایل ایس انٹرنیشنل ایک ایسا ادارہ ہے جو کینیڈا میں انڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کو آن لائن ویزا درخواستیں جمع کروانے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔

یاد رہے کہ انڈین نژاد کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے کینیڈا میں قتل کے پس منظر میں انڈیا اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تنازع نے اس وقت شدت اختیار کی تھی جب کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین پارلیمان کو بتایا قتل کے اس واقعے میں انڈیا ملوث ہو سکتا ہے۔

یہ بیان سامنے آنے کے بعد کینیڈا نے انڈیا کے ایک سفارتکار کو ملک بدر کیا جس کے کچھ ہی دیر بعد انڈیا نے بھی کینیڈا کے ایک سفارتکار کو ملک بدر کر دیا۔

مزیدخبریں