کینٹکی: امریکا میں ایک ڈرائیور نے کورویٹ گاڑی کو ایک میل تک ریورس گئیر میں چلا کر گینیز بک میں اپنا نام درج کروا لیا ۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کینٹکی سے تعلق رکھنے والے اسکاٹ برنر نامی شخص نے یہ ریکارڈ بنایا ہے ،اسکاٹ برنر نے ریورس گاڑی چلا کر کم وقت میں ایک میل کا فاصلہ طے کیا ۔ یہ ریکارڈ نیشنل کورویٹ میوزیم کے این سی ایم موٹر اسپورٹ پارک میں بنایا گیا۔
اسکاٹ برنر پہلے بھی اپنے یوٹیوب چینل Always In Reverse میں مختلف گاڑیوں کی ریورس ڈرائیونگ صلاحیتوں کو آزماتے نظر آتےہیں، انہوں نے ریکارڈ بنانے کے لیے 2017 کورویٹ کو منتخب کیا ۔
اس بارے میں اسکاٹ برنر کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا تھا جب ان کو یہ علم ہوا کہ وہ پہلے ہی غیر مصدقہ طور پر گزشتہ ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
اسکاٹ برنر نے کہا گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرنے کیلئے انہیں دو سال کا عرصہ لگا۔انہوں نے 75.18 سیکنڈز میں ایک میل ریورس گاڑی چلا کر 97.02 سیکنڈز کا گزشتہ ریکارڈ توڑا ہے ۔